2 دسمبر 2014 - 18:24
آیت اللہ صافی گلپائگانی: داعش پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے عراق میں خصوصی نمائندے ’’نکولائی ملادنوف‘‘ نے مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی سے ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے عراق میں خصوصی نمائندے ’’نکولائی ملادنوف‘‘ نے مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی سے ملاقات کی۔
آیت اللہ صافی گلپائگانی نے عراق میں داعش کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: داعش کے ذریعے جو فساد عراق میں پیدا ہوا ہے اس سے نہ صرف عراق بلکہ پوری دنیا کو خطرہ ہے اوراگر  یہ صورت حال جاری رہی تو پوری دنیا تباہی کا شکار ہو جائے گی۔ لہذا ضرورت ہے اس بات کی کہ تمام اقوام عالم اس خطرناک ٹولے کے مقابلے  کے لیے قیام کریں۔
آیت اللہ صافی نے ملادنوف کے اس سوال کے جواب میں کہ کیسے عراق کے مختلف قبیلوں میں اتحاد پیدا کیا جا سکتا ہے کہا: عراق کے لوگوں اور قبیلوں میں پہلے سے اتحاد موجود تھا صرف داعش اوراس کے حامیوں کی وجہ سے ان کے درمیان اختلاف پیدا ہوا ہے کہ جو داعش کے نابود ہونے سے انشاء اللہ دوبارہ عراق میں پلٹ آئے گا۔
انہوں نے آیت اللہ سیستانی کے حکیمانہ اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آپ نے دیکھا کہ کس طرح آیت اللہ سیستانی نے سب کو اتحاد اور ہمدلی کی دعوت دی اور ملت عراق کو ایک محور پر جمع کیا۔ بلکہ علما اور مراجع کی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ اتحاد کی حفاظت کی جائے اور ہر طرح کے فساد سے جو اختلاف کا باعث بنتا ہے قوم کو دور رکھا جائے۔
جہان تشیع کے مرجع تقلید نے اسلامی تعلیمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہم پوری دنیا کے لوگوں کے لیے امن و سکون کے خواہاں ہیں۔ سب امن و شانتی کے ساتھ مل جھل کر زندگی گزاریں اور ظلم و فساد سے دور رہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے نمائندے سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ میں اس بات کو پیش کریں کہ وہ داعش کے سلسلے میں اپنا موقف واضح کرے اور سب کو بتائے کہ داعش پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے اور سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا اور اس کے شر کو دنیا سے ختم کرنا ہو گا اقوام متحدہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲